معذور افراد کے لیے رجسٹریشن کارڈ

نوٹس برائے رہنمائی

  • مقصد

    "معذور افراد کے لیے رجسٹریشن کارڈ" ("کارڈ") ان افراد کو جاری کیا جاتا ہے جنہیں کوئی مستقل یا عارضی نوعیت کی معذوری یا معذوریاں لاحق ہوں۔ اس کارڈ کا مقصد اپنے حامل کو، ضرورت پڑنے پر اپنی معذوری کا دستاویزی ثبوت پیش کرنے کے قابل بناتا ہے۔ یہ کارڈ کسی قسم کا استحقاق فراہم نہیں کرتا اور نہ ہی یہ کریڈٹ کارڈ ہے۔کارڈ کے حامل کا نام، جنس، تصویر اور معذوری کی قسم (اقسام) اس کارڈ پر پرنٹ ہوتے ہیں تاکہ اس کے حامل کی شناخت میں آسانی ہو اور کسی اور فرد کی طرف سے اس کارڈ کے غلط استعمال کو روکا جاسکے۔ یہ کارڈ کسی تیسرے فریق کو ناقابلِ انتقال اور ناقابلِ فروخت ہے۔

    24 جون 2024 سے کارڈ فزیکل اور الیکٹرانک دونوں صورتوں میں جاری کیا جارہا ہے۔ ای۔کارڈ اور فزیکل کارڈ کا فارمیٹ ایک جیسا ہے۔ اہل افراد (نیچے حصہ II ملاحظہ فرمائیں) درخواستیں (بشمول نئے کارڈ کے اجراء، تجدید یا متبادل کارڈ کےلیے درخواست) دیتے ہوئے اپنا ای میل ایڈریس فراہم کرکے "ای۔کارڈز" کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ جن افراد کے پاس اس وقت فزیکل کارڈز ہیں اور وہ الیکٹرانک ورژن کے لیے درخواست دینے کی خواہش رکھتے ہیں ان کے لیے انتظامات اگلے مرحلہ میں سنٹرل رجسٹری برائے ری ہیبلیٹیشن (CRR)کی طرف سے کیے جائیں گے۔ تفصیلات کا اعلان مقررہ وقت پر کیا جائے گا۔

  • درخواست دینے کا اہل کون ہے

    کوئی بھی شخص جو کسی معذوری بشمول سماعت، بصارت، بول چال سے محروم، جسمانی معذوری، آٹزم، ذہنی عارضہ، عقل و شعور کے حوالے سے معذوری، جسم کے کسی عضو کی معذوری/دائمی معذوری، اٹینشن ڈیفیسٹ (توجہ کی کمی)/ہائپرایکٹیویٹی ڈِس آرڈر اور سیکھنے کے حوالے سے مخصوص مشکلات کا شکار پایا جاتا ہے، اور معذوری کی شدت ایک شخص کی زندگی کے اہم معمولات، اقتصادی و سماجی سرگرمیوں میں شمولیت، اور/یا نقل و حرکت کو متاثر کرتی ہے اور جو بحالی میں معمول سے زیادہ وقت لیتی ہے، کا حامل فرد کارڈ کے لیے درخواست دے سکتا ہے۔

  • درخواست

    درخواستیں معذور افراد کی طرف سے بذاتِ خود یا پھر ان کے والدین یا قانونی سرپرست کی طرف سے دی جاسکتی ہیں۔ درخواست گزاروں کی نمائندگی کرتے ہوئے درخواست دینے کی صورت میں برائے مہربانی درخواست گزار کے ساتھ اپنے تعلق کا دستاویزی ثبوت فراہم کریں۔

  • درخواست دینے کے طریقہ ہائے کار

    درخواستیں لیبر اینڈ ویلفیئر بیورو کی ویب سائٹ (https://crr.lwb.gov.hk/crr_public/eng/site.htm) کے ذریعے آن لائن یا پھر بذریعہ ڈاک دی جاسکتی ہیں۔

    بذریعہ ڈاک درخواستوں کے لیے، برائے مہربانی لیبر اینڈ ویلفیئر بیورو کی ویب سائٹ (https://www.lwb.gov.hk/en/servicedesk/crr_rc/download_crr.html) سے درخواست فارم (CRR3) ڈاؤن لوڈ کریں، یا پھر اسے CRR، سیلیکٹو پلیسمنٹ ڈویژن آف لیبر ڈپارٹمنٹ کے ڈسٹرکٹ آفسز، سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ کے ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفسز، یا ہُوم افیئرز ڈپارٹمنٹ کے ہُوم افیئرز انکوائری سنٹرز سے حاصل کریں۔ مکمل شدہ درخواست فارم بشمول ضروری دستاویزات (برائے مہربانی ذیل میں (a) تا (c) ملاحظہ فرمائیں) CRR کو ارسال کیے جانے چاہیئں۔ برائے مہربانی اس بات کو یقینی بنائیں کہ بذریعہ ڈاک بھیجی گئی اشیاء میں واپسی پتہ اور موزوں مالیت کے ٹکٹ ہونے چاہیئں (کم مالیت کی ڈاک اشیاء کو مسترد کردیا جائے گا)۔ CRR کا پتہ ذیل میں ہے:

    Central Registry for Rehabilitation
    Labour and Welfare Bureau
    Unit 1001, 10/F, The Hub,
    23 Yip Kan Street,
    Wong Chuk Hang, Hong Kong

    درخواست کے لیے ضروری دستاویزات (بالترتیب برائے نئے کارڈ کے اجراء/تجدید/متبادل کارڈ) اور متعلقہ مسائل جن کا نوٹ کیا جانا ضروری ہے، ذیل میں بیان کیےگئے ہیں:

    a) نئے کارڈ کا اجراء

    ایک درخواست گزار کو درخواست فارم، اُس کی معذوری (معذوریوں) کی تصدیق کرنے والا دستاویزی ثبوت (برائے مہربانی ذیل میں حصہ V ملاحظہ فرمائیں)، شناختی دستاویز کی ایک نقل اور ایک رنگین تصویر (ایک رنگین تصویر جس میں مکمل چہرہ جو پچھلے چھ ماہ کے اندر ایک ہموار پس منظر پر لی گئی ہو)، جمع کرائی جانی چاہیئے۔

    b) تجدید

    CRR عارضی معذوری (معذوریوں) اور 18 سال سے کم عمر (بشمول بچے اور نابالغان جن کی عمریں بالترتیب 11 اور 18 سال سے کم ہیں) ، کے حامل افراد کو تاریخِ تنسیخ کے حامل کارڈز جاری کرتا ہے۔ تاریخ تنسیخ پر یہ کارڈز خود کار طور پر غیر فعال ہوجاتے ہیں۔

    عارضی معذوری (معذوریوں) کے حامل فرد کو جاری کیا گیا کارڈ عام طور پر دو سال کے لیے فعال/قابل استعمال ہوتا ہے جس کا آغاز CRR کو کارڈ کے حامل فرد کی طرف سے معذوری کا دستاویزی ثبوت وصول ہونے پر ہوتا ہے۔ کارڈ کا حامل فرد تجدید کے لیے درخواست کارڈ پر موجود تاریخِ تنسیخ سے دو ماہ قبل جمع کراسکتا ہے۔ کارڈ کے حامل فرد کو اپنی معذوری/معذوریوں کے دستاویزی ثبوت کے ہمراہ درخواست فارم جمع کرانا ہوتا ہے (برائے مہربانی ذیل میں حصہ V ملاحظہ فرمائیں)۔

    اگر کارڈ کا حامل کوئی فرد کارڈ پر مذکور تاریخِ تنسیخ سے دو ماہ سے بھی پہلے تجدید کی درخواست جمع کراتا ہے تو اُسے دیگر مذکورہ بالا دستاویز کے علاوہ ایک خط جمع کرانا ہوگا جس میں جلدی تجدید کرانے کی وجوہات مذکور ہوں، اور نیا کارڈ وصول کرنے کے بعد اُسے اپنا اصل فزیکل کارڈ CRR کو جمع کرانا ہوگا۔

    ایک بچہ/نابالغ فرد کو بالترتیب 11 یا 18 سال کی عمر کو پہنچنے پر اپنے کارڈ کی تجدید کی درخواست بمعہ اس کی معذوری/معذوریوں کا دستاویزی ثبوت جمع کرانا ہوتا ہے (برائے مہربانی ذیل میں حصہ V ملاحظہ فرمائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ایک حالیہ رنگین تصویر (مکمل چہرہ کی حامل رنگین تصویر جو پچھلے چھ ماہ کے اندر لی گئی ہو اور ہموار پسِ منظر کی حامل ہو)، اور بالترتیب اس کی 11ویں یا 18 ویں سالگرہ کے دو ماہ کے عرصہ کے اندر کیانتہائی حالیہشناختی دستاویز بھی جمع کرانی ہوگی۔

    کارڈ کی تجدید کے لیے درخواست دیتے ہوئے، کارڈ کے حامل 18 سال سے کم عمر والے فرد کو اپنی معذوری/معذوریوں کے حوالے سے نیا دستاویزی ثبوت فراہم کرنے سے استثنیٰ دیا جاسکتا ہے اگر متعلقہ اداروں کو اس کی طرف سے کارڈ کے لیے دی گئی درخواست (درخواستوں) میں اس کی مستقل نوعیت کی معذوری کی تصدیق کی گئی ہے۔

    c) متبادل

    1. گم شدہ کارڈز کےلیے ۔
    2. کارڈ کے حامل فرد کو درخواست فارم، اپنی شناختی دستاویز کی ایک نقل، اور اس کے ساتھ ساتھ ایک خط جس میں متبادل کارڈ حاصل کرنے کی وجوہات بیان کی گئی ہوں، جمع کرانا چاہیئے۔ متبادل کارڈ کی فیس اور ادائیگی کے طریقہ کار کے بارے میں جاننے کے لیے برائے مہربانی ذیل میں حصہ VII ملاحظہ فرمائیں۔

    3. کارڈ پر پرنٹ ذاتی معلومات/معذوری کی قسم (اقسام) میں تبدیلی کے لیے۔
    4. کارڈ کے حامل فرد کو ایک درخواست فارم، ایک خط جس میں ان چیزوں کو بیان کیا گیا ہو جن میں ترمیم (ترامیم) کی ضرورت ہے، شناختی دستاویز کی ایک نقل، اس کی معذوری/معذوریوں کی تصدیق کے لیے دستاویزی ثبوت (معذوری کی قسم/اقسام میں تبدیلی کے لیے) (برائے مہربانی ذیل میں حصہ V ملاحظہ فرمائیں) جمع کرانا ہوگا۔ متبادل کارڈ کی فیس اور ادائیگی کے طریقہ کار کے بارے میں جاننے کے لیے برائے مہربانی ذیل میں حصہ VII ملاحظہ فرمائیں۔

      نیا کارڈ وصول ہونے کے بعد، کارڈ کے حامل فرد کو چاہیئے کہ وہ اپنا اصل فزیکل کارڈ CRR کو واپس کردے۔

  • معذوری (معذوریوں) کی تصدیق کے لیے دستاویزی ثبوت

    معذوری (معذوریوں) کے حوالے سے دستاویزی ثبوت پچھلے چھ ماہ کے عرصہ کے دوران جاری ہُوا ہونا چاہیئے اور درخواست گزار کی ہر ایک قسم کی معذوری (معذوریوں) اور ان کے لاحق ہونے کے دورانیہ کو بیان کیا جانا چاہیئے۔ معذوری (معذوریوں) کے حوالے سے اس طرح کے دستاویزی ثبوت میں درج ذیل چیزیں شامل ہوسکتی ہیں:

    (a) ہانگ کانگ میں رجسٹرڈ ڈاکٹروں یا صحت کے شعبہ سے وابستہ معاون افراد کی طرف سے جاری کیے گئے سرٹیفکیٹ؛

    (b) "معذوریوں کے حامل افراد کے لیے رجسٹریشن کارڈ پر معذوری کی قسم (CRR4) کی تصدیق" )جو کہ درخواست فراہم کے ساتھ منسلک ہے، یا پھر اسے لیبر اینڈ ویلفیئر بیورو کی ویب سائٹ(https://www.lwb.gov.hk/en/servicedesk/crr_rc/download_crr.html)سے ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے، جسے ہانگ کانگ میں رجسٹرڈ ڈاکٹروں یا صحت کے شعبہ سے وابستہ معاون افراد کی طرف سے جاری کیا گیا ہو؛

    (c) "معذوریوں کے حامل افراد کے لیے رجسٹریشن کارڈ پر معذوری کی قسم (CRR4) کی تصدیق" جو کہ ایجوکیشن بیورو کی معاونت سے چلنے والے کسی سپیشل سکول کے آفیسر انچارج؛ بحالی سے متعلقہ کوئی غیر سرکاری تنظیم جو سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ کی معاونت سے چل رہی ہو؛ یا ووکیشنل ٹریننگ کونسل شائن سکِلز سنٹرز کی طرف سے جاری کی گئی ہو۔

    (d) معذوری کے حامل ڈرائیور افراد کے لیے ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کی طرف سے جاری کردہ ثبوتِ معذوری؛

    (e) سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ کی طرف سے جاری کردہ ثبوتِ معذوری (درخواست دہندگان جو کہ کمانے کی صلاحیت کا 100% کھو چکے ہیں اور معذوری الاؤنس یا کمپری ہینسِو سوشل سیکورٹی اسسٹنس وصول کرتے ہیں وہ "رضامندی فارم ۔ سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ (CRR/SWD1)کی طرف سے ڈیٹا کی جانچ کی تصدیق" کو ثبوت کے طور پر پیش کرسکتے ہیں (یہ درخواست فارم کے ساتھ منسلک ہوتا ہے یا پھر لیبر اینڈ ویلفیئر بیورو کی ویب سائٹ(https://www.lwb.gov.hk/en/servicedesk/crr_rc/download_crr.html)سے ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے، تاکہ CRR کو تصدیق کی جاسکے کہ درخواست گزار کی معذوری سے متعلقہ معلومات جو سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ کے پاس ہیں وہ درست ہیں)۔

  • کارڈ کا اجراء

    اگر درخواست گزار اجرا کے مذکورہ بالا طریقہ کار پر پورا اترتا ہے تو CRR بذریعہ ڈاک اور بذریعہ ای میل بالترتیب کارڈ کا فزیکل اور الیکٹرانک ورژن ارسال کرے گا۔ ضروری ہے کہ درخواست گزاران خط و کتابت کے لیے ڈاک اور ای میل کا درست پتہ لکھیں۔

    درخواست فارم اور تمام ضروری معلومات اور دستاویزات موصول ہونے پر، CRR کام کے 15 دِنوں کے اندر کارڈ جاری کرے گا۔

    فارم میں ذاتی معلومات کی فراہمی مکمل طور پر رضاکارانہ ہے۔ درخواست گزاران اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ فراہم کی گئی معلومات اور متعلقہ معاونتی دستاویزات حقیقی اور درست ہیں، اور فارم میں اُن کی طرف سے ایک اعلامیہ جاری کیا جانا چاہیے۔ اگر ضروری ذاتی معلومات اور معذوری کا درست ثبوت فراہم نہیں کیا جاتا تو CRR درخواست پر عمل کرنے سے قاصر ہوگا۔

    CRR درخواست گزاران کو کارڈ کے اجراء، تنسیخ اور واپس حاصل کرنے کا استحاق رکھتا ہے۔

  • فیس

    نئے کارڈ کے اجراء یا تجدید کے لیے کوئی فیس نہیں لی جاتی۔

    گم شدہ کارڈز کے متبادل یا کارڈ پر پرنٹ شدہ ذاتی معلومات/معذوری کی قسم (اقسام) میں تبدیلی کے لیے، متبادل کارڈ کی فیس H$58 ہے، جس میں تبدیلی کی جاسکتی ہے۔ ادائیگی بذریعہ چیک یا کیشیئر آرڈر بنام “The Government of the HKSAR” یا ای چیک (بذریعہ ای میل بنام crrecheque@lwb.gov.hk کے ذریعے کی جاسکتی ہے۔ برائے مہربانی نقد رقم بذریعہ ڈاک نہ بھیجیں۔

    کارڈ کے حامل افراد مالیاتی بنیادوں پر متبادل کارڈ کی فیس پر چُھوٹ کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ درخواست گزار کو متعلقہ دستاویزات (مثال کے طور پر طبی اخراجات پر چھُوٹ کے لیے سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ کی طرف سے جاری کردہ "کمپری ہینسِو سوشل سیکیورٹی اسسٹینس ریسیپی اینٹس سرٹیفکیٹ" کی درست نقل)، کے ہمراہ تحریری درخواست جمع کرانی چاہیئے۔

  • منسوخی

    اگر کارڈ کا حامل کوئی فرد کارڈ پر موجود معیاد ختم ہونے سے پہلے اسے منسوخ کرانا چاہتا ہے، تو اس کے لیے اسے تحریری درخواست دینی ہوگی اور کارڈ کی اصل فزیکل کاپی CRR کو جمع کرانی ہوگی۔

  • ذاتی معلومات حاصل کرنے کے حوالے سے بیان

    فراہم کی گئی ذاتی معلومات کو صرف اور صرف درخواست اور کارڈ کے اجراء کے مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ CRR کی طرف سے ان معذور افراد کا ڈیٹا اکٹھا اور مرتب کیا جاتا ہے جو ہانگ کانگ میں کارڈ کے حامل ہیں، اور اس کا مقصد بحالی کی خدمات کی منصوبہ بندی اور تحقیقاتی مقاصد کے لیے معذوری پر اعداد و شمار فراہم کرنا ہے۔ فراہم کی گئی ذاتی معلومات کو رازداری کے ساتھ اور "پرسنل ڈیٹا (پرائیویسی) آرڈینینس" کی متعلقہ شرائط کے مطابق عمل میں لایا جائے گا، اور شماریات کے ایک خلاصہ کے علاوہ کسی بھی شکل میں کسی دوسرے فرد یا اداروں پر افشا نہیں کی جائیں گی۔

    کارڈ کے حامل فرد کی باقاعدہ رضامندی پر، اس کی ذاتی معلومات بشمول معذوری کی قسم (اقسام) کسی ایسے تیسرے فریق یا ادارے کو فراہم کی جاسکتی ہیں جس کی منظوری کارڈ کے حامل فرد کی طرف سے دی گئی ہو۔

    مذکورہ بالا مقاصد پر مزید پورا نہ اترنے کے ایک سال بعد ذاتی معلومات کو مٹا دیا جائے گا۔

    درخواست گزاران کو پرسنل ڈیٹا (پرائیویسی) آرڈینینس کے سیکشنز 18 اور 22 اور شیڈول 1 کے اصول 6 کے تحت یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنی ذاتی معلومات تک رسائی اور اُس میں درستگی کی درخواست کرسکیں۔ درخواست گزاران CRR میں محفوظ رکھی گئی اپنی ذاتی معلومات کی نقل حاصل کرسکتے ہیں جس کے لیے فیس ادا کرنی ہوگی۔ ذاتی معلومات کو سنبھالنے بشمول اس تک رسائی حاصل کرنے اور درستگی لانے کے حوالے سے سوالات کے لیے درج ذیل پر رابطہ کیا جانا چاہیئے:

    Central Registry for Rehabilitation
    शLabour and Welfare Bureau
    Unit 1001, 10/F, The Hub,
    23 Yip Kan Street,
    Wong Chuk Hang, Hong Kong